اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کی عوامی فورس الحشد الشعبی نے پیر کے روز صلاح الدین اور الانبار میں داعش کے خلاف کاروائی جاری رکھتے ہوئے جنوبی سامرا کے الفرحاتیہ علاقے میں داعش کے بم بنانے والے ایک بڑے کارخانے پر قبضہ کرلیا۔ اس علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی کارروائی میں شدید جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے نتیجے میں داعش کے متعدد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوگئے۔ داعش دہشت گرد گروہ، اس کارخانے میں عمارتوں کو اڑانے والے دھماکہ خیز مواد اور سڑک کے کنارے نصب کئے جانے والے بموں کو تیار کرتا تھا۔ الفرات نیوز کے ساتھ گفتگو میں ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ الحشد الشعبی نے داعش کے اس کارخانے میں بڑے پیمانے پر دھماکہ خیز مواد اور بموں اور فوجی ساز وسامان ضبط کرلیا۔ اس کاروائی کے دوران الحشد الشعبی نے اسی علاقے میں طبی سہولیات سے بہرہ مند داعش کے ایک اسپتال پر بھی قبضہ کرلیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲